کراچی (نیوزڈیسک)وفاقی وزیر اطلاعات کہتے ہیں الطاف حسین نے اپنی غلطی پر معافی مانگ لی، امید ہے وہ ایسی غلطی کبھی نہیں دہرائیں گے، عمران خان ہمیشہ پارلیمنٹ اور فوج کو لڑانا چاہتے ہیں، قومی سلامتی کے اداروں سے متعلق عمران خان کی منفی گفتگو سوشل میڈیا پر موجود ہے، ہمیں آگ پر تیل کی بجائے پانی ڈالنا چاہئے، دہشت گردی کیخلاف آپریشنز منطقی انجام تک پہنچائے جائیں گے۔کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات پرویز رشید کا کہنا ہے کہ الطاف حسین کی تقریر پر پیمرا نے نوٹس لے لیا، سیاسی جماعتوں نے بھی الطاف حسین کے بیان پر ردعمل کا اظہار کیا، ایم کیو ایم کے قائد نے بھی اپنی غلطی پر معافی مانگی ہے، انہیں خود بھی غلطی کا احساس ہوا، امید ہے وہ آئندہ ایسی غلطی کبھی نہیں دہرائیں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ آئین تقاضا کرتا ہے قومی سلامتی کے اداروں اور عدلیہ پر تنقید نہ کی جائے، آئین کی پاسداری تمام سیاسی جماعتوں کی اولین ترجیح ہونی چاہئے، قومی سلامتی کے اداروں سے متعلق عمران خان کی منفی گفتگو سوشل میڈیا پر موجود ہے، جو نشر نہیں ہوئی، پی ٹی آئی چیف پاکستان کو ہر وقت لڑانے کی کوشش کرتے ہیں، وہ چاہتے ہیں کہ پارلیمنٹ اور فوج کو آپس میں لڑادیا جائے، ہمیں آگ پر تیل کی بجائے پانی ڈالنے کی ضرورت ہے۔وزیر اطلاعات کہتے ہیں کہ وفاقی حکومت کی اکائیوں کو مسلم لیگ (ن) کے دور میں کبھی شکایت نہیں رہی، 18 ویں ترمیم کے بعد کسی صوبے کو شکایت نہیں ہونی چاہئے، پانی کی تقسیم وفاق کی نہیں ارسا کی ذمہ داری ہے، ارسا کی اجازت کے بغیر پانی کی بوند بھی کسی نہر میں شامل نہیں کی جاسکتی، ارسا میں چاروں صوبوں کی نمائندگی موجود ہے۔وہ مزید بولے کہ ملکی پالیسیاں بناتے وقت عسکری قیادت سے مشاورت اور معلومات لی جاتی ہیں، عسکری قیادت حکومت کا حصہ ہیں،وزیراعظم نے ضرب عضب اور کراچی آپریشن سب کی مشاورت سے شروع کیا، کراچی میں امن و امان قائم کرنے کا عہد کر رکھا ہے، دہشت گردی کیخلاف آپریشنز منطقی انجام تک پہنچائے جائیں گے۔پرویز رشید کا کہنا ہے کہ پاکستان میں کوئی ایسا قانون نہیں جو دوسرے ملکوں میں موجود نہ ہو، سائبر بل نوجوانوں کو سائبر کرائم سے تحفظ فراہم کرتا ہے، ملکی نوجوانوں کیلئے علم کے راستے کھولنا چاہتے ہیں۔