تہران(این این آئی)ایرانی وزیرخارجہ جواد ظریف جوہری ڈیل سے امریکا کے اخراج کے بعد غیرملکی دورے پر ہیں۔اپنے چینی ہم منصب سے ملاقات کے بعد وہ ماسکو پہنچ گئے جب کہ روس کے بعد ان کی اگلی منزل برسلز ہے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق محمد جواد ظریف نے بیجنگ میں اپنے چینی ہم منصب سے ملاقات کے بعد اس امید کا اظہار کیا کہ جوہری معاہدے کی بقا کے لیے کوئی حکمت عملی تیار کر لی جائے گی۔
بیجنگ میں جواد ظریف نے کہا کہ وہ اس ڈیل کے مستقبل کے واضح ڈیزائن کے حوالے سے خاصے پرامید ہیں۔روسی صدر ولادمیر پوٹن نے بھی اس حوالے سے جرمن چانسلر میرکل اور ترک صدر رجب طیب ایردوآن سے گفت گو کی ۔ انہوں نے امریکی فیصلے پر شدید تشویش کا اظہار بھی کیا۔ صدر ٹرمپ کے اس فیصلے پر یورپی یونین بھی برہم ہے جب کہ چین اور روس کی جانب سے بھی اس پر تنقید کی جا رہی ہے۔