واشنگٹن(این این آئی)امریکہ نے کہاہے کہ اس نے چھ ایرانی افراد اور تین کمپنیوں پر ایران کے پاسدارانِ انقلاب کے ساتھ تعلقات کی بنا پر پابندیاں عائد کر دی ہیں۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق امریکی وزیرِ خزانہ سٹیو مونچن کا کہنا تھا کہ ان پابندیوں کے ذریعے اْن لوگوں کو نشانہ بنایا گیا ہے جنھوں نے ایران کی منفی سرگرمیوں کے لیے لاکھوں ڈالر خرچ کیے۔
اگرچہ امریکی محکمہ خزانہ نے پابندی عائد کی جانے والی شخصیات کا نام ظاہر نہیں کیا تاہم اس کا یہ کہنا ہے کہ ان تمام کا تعلق ایران سے ہے۔اب کسی بھی امریکی کمپنی یا فرد کو ان کے ساتھ کام کرنے کی اجازت نہ ہوگی۔ یہ اقدام متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کے ساتھ مل کر کیا گیا ہے۔امریکی وزیرِ خزانہ نے ایک بیان میں کہا گیا کہ ایرانی حکومت اور اس کے مرکزی بینک نے یو اے ای میں اداروں تک رسائی حاصل کرنے کے لیے امریکی ڈالر حاصل کیے جس میں پاسدارانِ انقلاب کی تباہ کن سرگرمیوں کے لیے سرمایہ کاری اور اپنے علاقائی پراکسی گروہوں کو پیسہ اور اسلحہ فراہم کرنا تھا۔سٹیو مونچن کا مزید کہنا تھا کہ ہم پاسدارانِ انقلاب کی آمدنی کے تمام ذرائع کو ختم کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔