کراچی(این این آئی) نامور بالی ووڈ اداکارہ عالیہ بھٹ اور وکی کوشال کی فلم ’راضی‘ کی پاکستان میں نمائش پر پابندی عائد کردی گئی۔بھارتی فلم انڈسٹری کی خوبرواداکارہ عالیہ بھٹ کی فلم ’راضی‘ کی پاکستان میں نمائش پر پابندی عائد کردی گئی۔ فلم پر پابندی اس کی متنازعہ کہانی کے باعث لگائی گئی ہے۔ہدایت کارہ میگھنا گلزار کی فلم ’راضی‘ میں عالیہ بھٹ پاکستان کے خلاف بھارتی جاسوس کے روپ میں نظر آئیں گی۔
فلم کی کہانی 1971 میں پاک بھارت کے درمیان ہونے والی جنگ کے پس منظر سے متعلق ہے جس میں عالیہ بھٹ ایک کشمیری لڑکی سہمت کا کردار ادا کررہی ہیں جس کی شادی ایک پاکستانی افسر سے کرائی جاتی ہے اور اسے بھارتی جاسوس بنا کر پاکستان بھیجا جاتا ہے اور اسے پاکستان کے اہم معاملات کی جاسوسی اور معلومات اکٹھا کرنے کے لیے استعمال کیا جاتا ہے۔پاکستان فلم ڈسٹری بیوشن کمپنی کے سینئرعہدیدار کا کہنا ہے کہ یہ دیکھ کر افسوس ہوتا ہے کہ بھارت میں اب بھی متنا زعہ موضوعات پر فلمیں بن رہی ہیں، پاکستان کے تمام ڈسٹری بیوٹرز اس بات سے واقف ہیں کہ فلم میں عالیہ بھٹ کا کردار کیا ہیاسی لیے کوئی بھی یہ فلم خریدنے کیلئے تیار نہیں۔ اپنے ملک سے محبت ڈسٹری بیوٹرز کو یہ فلم نہ خریدنے پر مجبور کررہی ہے۔انہوں نے کہا بھارتی پروڈیوسرز کو یہ معلوم ہونا چاہئیے کہ پاکستانی ڈسٹری بیوٹرز نے فلم ’راضی‘کے بائیکاٹ کا فیصلہ کیا ہے۔واضح رہے کہ متنازعہ موضوع پر مبنی فلم ’راضی‘ کو وینیت جین اور کرن جوہر مشترکہ طور پر پروڈیوس کررہے ہیں۔ فلم’ ’راضی‘‘(آج) 11 مئی کو سینما گھروں کی زینت بنے گی۔