کوئٹہ ( نیوز ڈیسک) بلوچستان اسمبلی میں الطاف حسین کی تقریر کے خلاف مذمتی قرارداد متفقہ طور پر منظور کر لی گئی ، قرار داد میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ الطاف حسین کے خلاف سخت کارروائی اور ایم کیو ایم پر پابندی لگائی جائے۔ بلوچستان اسمبلی میں اپوزیشن اور حکومتی 14 ارکان کی دستخط شدہ مذمتی قرارداد وزیر داخلہ بلوچستان سرفراز بگٹی نے پیش کی۔ قرارداد کے متن میں کہا گیا ہے کہ پاک فوج ملکی سرحدوں کی حفاظت کر رہی ہے۔ گزشتہ روز نام نہاد لسانی تنظیم کے سربراہ نے پاکستان کی افواج کے خلاف ہرزہ سرائی کی۔ الطاف حسین کا بیان آرٹیکل 6 کے زمرے میں آتا ہے ، کراچی میں اس لسانی پارٹی کے دہشت گردانہ اقدام کے خلاف شواہد موجود ہیں ، اس نام نہاد تنظیم نے پورے کراچی کو یرغمال بنایا ہوا ہے۔ جس کی سرکوبی ضروری ہے ، بحث کے دوران ارکان اسمبلی نے الطاف حسین کی تقریر اور قومی سلامتی کے اداروں کو تضحیک کا نشانہ بنانے کی سخت مذمت کی۔ متفقہ منظور کی جانے والی قرارداد میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ الطاف حسین اور ان کے ساتھیوں کے خلاف سخت کارروائی اور ایم کیو ایم پر پابندی لگائی جائے۔