اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) وہ چیز جو ہر پاکستانی کچن میں موجود ہوتی ہے اور اکثر کھانوں میں استعمال ہوتی ہے، درحقیقت کینسر، امراض قلب اور ذیابیطس ٹائپ ٹو جیسے جان لیوا امراض سے تحفظ فراہم کرسکتی ہے۔ اور وہ چیز ہے لہسن، جسے صدیوں سے مختلف گھریلو ٹوٹکوں میں مختلف طبی مسائل دور کرنے کے لیے استعمال کیا جارہا ہے۔ تاہم اب برطانوی محققین نے اسے صحت کے لیے بھی بہت زیادہ فائدہ مند قرار دے دیا ہے۔
ناٹنگھم یونیورسٹی کی تحقیق میں بتایا گیا کہ لہسن کو کھانا صحت کے لیے بہت زیادہ فائدہ مند ہے۔ تحقیق میں بتایا گیا کہ ہر کچن میں موجود اس عام چیز کو کھانا کینسر، امراض قلب اور ذیابیطس ٹائپ ٹو جیسے امراض کا خطرہ کم کرتا ہے۔ تاہم یہ فائدہ لہسن کو پکانے کے طریقے سے ہی حاصل ہوتا ہے۔ تحقیق میں بتایا گیا کہ لہسن میں موجود کئی طرح کے کمپاﺅنڈ اسے کاٹنے کے دوران خارج ہوتے ہیں اور یہی وجہ ہے کہ اس کے صحت پر اثرات میں کمی بیشی آتی رہتی ہے۔ محقین نے تسلیم کیا کہ ابھی بھی وہ یہ جان نہیں سکے کہ لہسن کو کھانے کا کونسا طریقہ سب سے زیادہ فائدہ مند ثابت ہوسکتا ہے۔ یعنی وہ ایسے شواہد فراہم نہیں کرسکے کہ کچی لہسن کو کھانا زیادہ فائدہ مند ہے یا غذا میں شامل کرکے استعمال کرنا، تاہم ان کا یہ ماننا ضرور تھا کہ یہ صحت کے لیے فائدہ مند ہے۔ محققین کا کہنا تھا کہ یہ بلڈ پریشر کو نمایاں حد تک کم کرنے میں مدد دیتا ہے جبکہ اس میں کینسر سے بچاﺅ والے کئی کمپاﺅنڈ موجود ہیں۔جانوروں پر تجربات کے دوران بلڈ شوگر لیول میں کمی دیکھی گئی تاہم اب تک انسانوں پر اسے آزمایا نہیں گیا۔محققین نے کہا کہ یقیناً لہسن کوئی جادوئی گولی نہیں جسے کھاتے ہی امراض دور ہوجائیں، مگر یہ ضرور کہہ سکتے ہیں کہ اس کے استعمال سے متعدد امراض کا خطرہ کم کیا جاسکتا ہے۔اس تحقیق کے نتائج طبی جریدے جرنل ٹرینڈ ان Pharmacological Sciences سائنسز میں شائع ہوئے۔