لاہور( آن لائن )دورہ انگلینڈ اور آئرلینڈ کیلئے قومی کرکٹرز کے تربیتی کیمپ کا باقاعدہ آغاز گزشتہ روز ہوا ،جہاں کپتان سرفراز احمد نے سکواڈ میں شامل کھلاڑیوں کو گراؤنڈ کی صفائی کیلئے وہاں موجود بوتلیں اٹھانے کاحکم دے کر نئی روایت قائم کردی۔ سرفراز احمد نے خود گراؤنڈ میں جمع بوتلیں اٹھائیں جس کے بعد ان کی تقلید کرتے ہوئے ٹیم میں شامل سینئر کھلاڑی محمد عامر اور اظہر علی سمیت نوجوان کرکٹرز بابر اعظم اور امام الحق وغیرہ نے بھی بوتلوں کو جمع کر کے کچرے دان تک پہنچایا۔
دریں اثنا نیشنل کرکٹ اکیڈمی کے زیراہتمام فاسٹ باؤلرز کیلئے کی مہارت کو نکھارنے کیلئے ڈویلپمنٹ کیمپ 23 اپریل سے نیشنل کرکٹ اکیڈمی لاہور میں شروع ہوگا۔ چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ کے مشیر شکیل شیخ نے بتایا کہ کیمپ کیلئے ملک بھر سے 25 کھلاڑیوں کو مدعو کیا گیا ہے جن میں نوید احمد، شاہنواز، ماجدعلی، کلیم اللہ، شادب مجید، عاطف جاوید، ارشد، احسان اللہ، محمد ثاقب، ذوالقرنین آفریدی، ایم عادل کاکڑ، عزیز اللہ، حمایت اللہ وزیر، فہد عارف، زاہد اقبال، انس خان ووار، محمد زمان، ابرار احمد اور بلال شاہ شامل ہیں۔انہوں نے کہا کہ کوچز ان کھلاڑیوں کو کیمپ میں تربیت دیں گے۔ یہ کیمپ 2 مئی تک جاری رہے گا اور کیمپ کھلاڑیوں کی مزید مہارت کو نکھارنے کیلئے لگایا جا رہا ہے۔