اسلام آباد (این این آئی)پاک فوج کی جانب سے سپریم کورٹ کے جج جسٹس اعجاز الاحسن کے گھر پر فائرنگ کی مذمت کرتے ہوئے کہاگیا ہے کہ ریاستی اداروں کے کام کرنے کیلئے سازگار ماحول یقینی بنانا تمام اسٹیک ہولڈرز کی ذمے داری ہے۔اتوار کوپاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ریاستی اداروں کے کام کرنے کیلئے سازگار ماحول یقینی بنانا
تمام اسٹیک ہولڈرز کی ذمے داری ہے۔آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ جسٹس اعجازالاحسن کے گھر پر فائرنگ کا واقعہ قابل مذمت ہے ٗریاستی اداروں کے مؤثر کردار کیلئے تمام فریقین محفوظ فضا یقینی بنائیں۔پاک فوج کے ترجمان کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ امن و استحکام کی بہتری کیلئے کوششیں جاری رکھی جائیں۔خیال رہے کہ لاہور میں سپریم کورٹ کے جج جسٹس اعجاز الاحسن کی رہائش گاہ پر دو بار فائرنگ کا واقعہ پیش آیا۔عدالتی اعلامیے کے مطابق فائرنگ کا واقعہ ہفتے کی شب اور اتور کو علی الصبح پیش آیا۔دریں اثناء وزیر مملکت اطلاعات مریم اورنگزیب نے جسٹس اعجاز الاحسن کے گھر فائرنگ کے واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے وفاقی اور صوبائی سطح پر متعلقہ حکام کو ملزمان کو جلد از جلد قانون کی گرفت میں لانے کی ہدایت کی ہے۔ ایک بیان میں مریم اورنگزیب نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے صوبائی سطح پر ملزمان کی جلد از جلد گرفتاری کے لیے متعلقہ حکام کو ہدایات دی ہیں۔انہوں نے کہاکہ ایسے شرپسند عناصر کو جلد از جلد بے نقاب ہونا چاہیے۔