اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) پنجاب سے نون لیگ کی ایک اور بڑی وکٹ گر گئی، شیخوپورہ سے رکن قومی اسمبلی بلال ورک تحریک انصاف میں شامل ہوگئے۔پنجاب سے رکن قومی اسمبلی بلال ورک نے ساتھیوں سمیت چیئرمین تحریک انصاف عمران سے بنی گالہ میں ملاقات کے بعد پی ٹی آئی میں شامل ہونے کا اعلان کیا۔ پنجاب اسمبلی میں سابق اپوزیشن لیڈر چوہدری ظہیر الدین بھی پی ٹی آئی ٹیم کا حصہ بن گئے۔ عمران خان نے نئے شامل ہونے والے ارکان کا خیر مقدم کیا۔
اس موقع پر عمران خان کا کہنا تھاکہ 29 اپریل نئے پاکستان کی بنیادیں اٹھانے کا دن ہے ، قوم اپنی عدلیہ اور اداروں کیساتھ یکجہتی کے اظہار کیلئے تیار ہے۔ انہوں نے کہا کہ طاقتور مافیا کے احتساب پر چیف جسٹس اور انکے ساتھی ججز تحسین کے مستحق ہیں۔ انہوں نے کہاکہ قوم کی آئندہ نسلوں پر غلامی، غربت اور جہالت مسلط کی گئی ، نظریاتی سیاست کا دور لوٹ رہا ہے ، اداروں کو بلیک میل کرنے دیں گے نہ ہی بھاگنے دیں گے۔بلال ورک نے کہا کہ عمران خان کرپشن سے نجات کیلئے پنجاب کے عوام کی امیدوں کا محور ہیں ٗ ایک خاندان نے اپنے اثاثے بنانے کیلئے پنجاب اور ملک کے وسائل بیدردی سے لوٹے۔ انہوں نے کہا کہ اپنی چوری بچانے کیلئے پارلیمان کو بے توقیر اور ریاستی اداروں پر یلغار کی گئی۔علاوہ ازیں خیبر پختونخوا کے وزیر اطلاعات و تعلقات عامہ اور آبنوشی شاہ فرمان نے مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور این اے فور پشاور سے مسلم لیگ نواز کے سابق ٹکٹ ہولڈر ناصر خان موسیٰ زئی کی پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ عام انتخابات کے قریب آتے ہی مختلف سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں کا اپنی جماعتیں کو چھوڑ کر تحریک انصاف میں شمولیت اس بات کی دلیل ہے کہ اس وقت ملک میں واحد عمران خان ہی لیڈر ہے جو ملک و قوم کی ترقی و خوشحالی کا ضامن ہے ۔ انہوں نے کہا کہ 2018ء کے عام انتخابات میں تحریک انصاف ملک بھر میں واضح اکثریت سے کامیابی حاصل کرے گی
اور انشاء اﷲ ایک نیا پاکستان وجود میں آئے گا جس میں عوام کو انصاف ، میرٹ اور احتساب پر مبنی فیصلے نظر آئیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ ناصر خان موسیٰ زئی کی پی ٹی آئی میں شمولیت تحریک انصاف کی پالیسیوں ، منشور اور پارٹی قیادت پر اعتماد کا مظہر ہے اور ان کی شمولیت سے پی ٹی آئی کا این اے فور سمیت خیبر پختونخوا میں مزید گراف بڑھے گا ۔ واضح رہے کہ ناصر خان موسیٰ زئی نے گزشتہ روز بنی گالہ میں چیئرمین تحریک انصاف عمران خان سے ملاقات کے دوران اپنے ساتھیوں سمیت مسلم لیگ (ن)چھوڑ کر پی ٹی آئی میں شمولیت کا اعلان کیا ۔ اس موقع پر تحریک انصاف کی مرکزی قیادت اسد عمر ، شفقت محمود ، شیرین مزاری ، نعیم الحق ، خیبر پختونخوا کے وزیر اطلاعات و تعلقات عامہ شاہ فرمان اور خیبر پختونخوا سے رکن قومی اسمبلی ارباب عامر بھی موجود تھے ۔