اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) نادرا نے انٹرنیٹ کے ذریعے ووٹ ڈالنے کے لیے آن لائن سسٹم تیار کر لیا ہے، ایک نجی ٹی وی چینل کی رپورٹ کے مطابق سپریم کورٹ میں بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو ووٹ کی سہولت سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی
جس میں چیئرمین نادرا عثمان مبین نے اوورسیز پاکستانیوں کے انٹرنیٹ کے ذریعے ووٹ ڈالنے پر بریفنگ دی، اس بریفنگ کے موقع پر چیف الیکشن کمشنر سردار رضا خان سیکرٹری داخلہ اور سیکرٹری خارجہ نے بھی موجود تھے۔ چیئرمین نادرا نے کہاکہ سمندر پار پاکستانیوں کے ووٹ ڈالنے کے لیے آن لائن سسٹم تیار کر لیا ہے یہ ووٹنگ سسٹم نادرا اور الیکشن کمیشن کی ویب سائٹس سے منسلک ہوگا، ووٹر کی سہولت کے لیے سافٹ وئیر کو اردو اور انگلش دونوں زبانوں میں تیار کیا گیا ہے، چیئرمین نادرا نے کہا کہ مخصوص سوالات کے جواب دینے والے ہی ووٹ کاسٹ کرسکیں گے اور ووٹ کاسٹ کرنے والوں کے خاندان سے متعلق سوال پوچھے جائیں گے اس کے علاوہ ووٹنگ کے لیے ملنے والا پاس ورڈ ایک بار ووٹ کاسٹ کرنے کے لیے ہی ہوگا، وہ دوبارہ کارآمد نہیں رہے گا۔ جب چیف جسٹس ثاقب نثار نے سوال کیا کہ کیا اوورسیز پاکستانیوں کوووٹ دینے کا حق ہے، جس کا جواب دیتے ہوئے اٹارنی جنرل نے کہا کہ ووٹ کا حق ہر پاکستانی کو حاصل ہے، صرف اوورسیز پاکستانیوں کے لیے طریقہ کار طے ہونا ہے۔