لاڑکانہ (مانیٹرنگ ڈیسک) لاڑکانہ میں شادی کی تقریب میں معروف گلوکارہ ہوائی فائرنگ کا نشانہ نہیں بنی بلکہ اسے قتل کیا گیا، ایک نجی ٹی وی چینل اس واقعہ کی ویڈیو سامنے لے آیا ہے، جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ خاتون گلوکارہ ثمینہ کو گولیاں مار کر قتل کر دیا گیا۔ واضح رہے کہ شادی کی اس تقریب میں محفل موسیقی منعقد کی گئی تھی جس میں گلوکارہ ثمینہ کو بلایا گیا تھا، گلوکارہ جس وقت سٹیج پر بیٹھ کر گانا گا رہی تھیں تو
ان سے تقاضا کیا گیا کہ وہ کھڑی ہو کر گانا سنائیں اور جیسے ہی وہ کھڑی ہوئیں تو ملزمان نے ان پر گولیاں چلا دیں، نجی ٹی وی چینل کی رپورٹ کے مطابق انہیں تین گولیاں ماری گئیں جس سے گلوکارہ زخمی ہو کر نیچے گر گئیں اور ملزمان موقع سے فرار ہو گئے۔ گلوکارہ ثمینہ فوری طور پر ہسپتال منتقل کرنے کے لیے راستے پر لے جاتے ہوئے انتقال کر گئیں۔ پولیس نے مقدمہ درج کرکے ایک ملزم طارق کو گرفتار بھی کر لیا ہے۔