اسلام آباد (آن لائن)سابق وزیر داخلہ چودھری نثار علی خان سب کچھ وزیر اعلی پنجاب شہباز شریف کی ہدایت پر کر رہے ہیں، تہمینہ درانی کے گھر پر میاں شہباز شریف اور چودھری نثار کی دو درجنوں سے زائد خفیہ ملاقاتیں ہو چکی ہیں ، شہباز شریف نہیں چاہتے مریم نواز لیڈر بنے اس لئے وہ چودھری نثار کو
استعمال کر رہے ہیں تاہم شہباز شریف کا وزیر اعظم بننے کا خواب پورا نہیں ہوگا ۔یہ انکشافات وزیر اعلی پنجاب شہباز شریف کی اہلیہ کے سابق سیکرٹری زبیر محمود نے کئے ہیں ۔ ایک نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے زبیر محمود نے کہا کہ جب نواز شریف بیگم کلثوم نواز کی تیمارداری کے لئے لندن گئے تھے تو وہاں ایک اجلاس ہوا تھا جس میں وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی سمیت دیگر کئی رہنماؤں نے شرکت کی تھی ۔ اس سے ایک رات قبل چودھری نثار اور شہباز شریف کی ملاقات ہوئی تھی ، یہ ملاقات چار گھنٹے تک جاری رہی جس میں تمام معاملات طے ہوئے اور چودھری نثار کی جانب سے پارٹی کی مخالفت طے شدہ ہے۔ انہوں نے بتایاکہ میڈیم تہمینہ درانی ہر بات مجھ سے شیئر کرتی تھیں۔ تہمینہ درانی نے شہباز شریف کو وزیر اعلی کے عہدے سے مستعفی ہونے کا مشورہ دیا جس پر شہباز شریف نے کہاکہ پس پردہ رہ کر راستہ بناؤں گا اس حوالے سے تہمینہ درانی کے فون پیغامات اور ٹیکسٹ میسجز بھی میرے پاس محفوظ ہیں ۔میڈیم نے مجھے کہاکہ یہ پیغامات محفوظ کر لو اور بعد میں لکھنا اور میں نے تھوڑی جلدی کی اور چار ماہ میں کتاب شائع ہو جائے گی جو دیکھا اور جانا وہ کتاب میں لکھ دیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ شہباز شریف کا وزیر اعظم بننے کا خواب پورا نہیں ہوگا ۔