لاہور(این این آئی )پاکستان تحریک انصاف نے160ارب روپے کے تخمینے کے اورنج لائن ٹرین منصوبے کے300ارب روپے ہو جانے پر پنجاب اسمبلی میں تحریک التوائے کار جمع کرا دی ہے جس میں پی ٹی آئی کے ایم پی اے محمد شعیب صدیقی نے نشاندہی کی ہے کہ سارے صوبے کے فنڈز اس منصوبے میں جھونکنے کے باوجود اورنج لائن ٹرین نامکمل ہے جبکہ زراعت ،آبپاشی ،
سی اینڈ ڈبلیو ،جنگلات ، زکواۃ ،صحت اور تعلیم سمیت سرکاری محکموں کے سالانہ ترقیاتی بجٹ 2017-18پر 73فیصد کٹ لگا کر فنڈز اورنج ٹرین منصوبے کو دیے گئے جس سے تمام سرکاری محکموں کا کام بری طرح سے متاثر ہوا لیکن پنجاب حکومت اس منصوبے میں اپنا ہدف حاصل کرنے میں بری طرح ناکام رہی ہے اور اس ضمن میں آئے دن میڈیا میں شائع ہونے والی رپورٹ پنجاب حکومت کی نام نہاد گڈ گورننس کے دعوے کھول رہی ہیں ،ایم پی اے شعیب صدیقی نے تحریک التوا میں کہا ہے کہ صوبہ پنجاب کے عوام تعلیم ،صحت اور دیگر اہم محکموں کے ترقیاتی بجٹ کم کرنے پر سراپا احتجاج ہیں کہ ان کے خون پسینے کی کمائی سے ادا کیے جانے والے ٹیکس کو بے دریغ لوٹا جار ہا ہے اور حکمرانوں کی ذاتی تشہیر کے من پسند منصوبوں پر لٹایا جا رہا ہے جبکہ عام شہری بنیادی سہولتوں سے محروم ہے ،ایم پی اے شعیب صدیقی نے مطالبہ کیا ہے کہ اس ساری صورتحال پر صوبہ پنجاب کے عوام میں انتہائی بے چینی ، اضطراب اور غم و غصہ پایا جاتا ہے لہذا پنجاب اسمبلی کے اس ایوان میں ان کی اس تحریک التوائے کار با ضابطہ قرار دے کر زیر بحث لایا جائے ۔