اسلام آباد(نیوز ڈیسک)جمعیت علماءاسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے کہا ہے کہ مشکل وقت میں سعودی عرب کی عوام اور حکومت کے ساتھ ہیں، خیبر پختونخواہ میں حکومت نام کی کوئی چیز نہیں ہے ، ان خیالات کا اظہار انہوں نے یہاں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ تحریک انصا ف کے ارکان قومی اسمبلی نے اپنے استعفے سپیکر کو بھجوا دیئے تھے اس وقت 34 ارکان اجنبی پارلیمنٹ میں بیٹھے ہیں،پشاور میں بارشوں سے جانی و مالی نقصان ہوا ہے اور حکومت دو دن تک سوتی رہی ،خیبر پختونخواہ میں حکومت نام کی کوئی چیز نہیں ہے اگر حکومت ہوتی تو فوراً حرکت میں آتی ،وزیراعلیٰ پرویز خٹک کے بیان پر افسوس ہوا ہے ،ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ سعودی حکومت کے ساتھ پاکستان کے انتہائی قریبی اور برادرانہ تعلقات ہیں ،پاکستان مشکل کی اس گھڑی میں سعودی عوام اور حکومت کے ساتھ ہے،انہوں نے کہا کہ حالیہ دنوں میں سعودی حکومت میں تبدیلیاں سعودی عرب کا اندروانی معاملہ ہے ،ایک سوال پر مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ ریحام خان اور اس کی سیاست پر کوئی تبصرہ نہیں کروں گا۔