اسلام آباد(نیوز ڈیسک)اقوام متحدہ نے پاکستان اور بھارت کے درمیان تنازعات کے حل کے لیے ثالثی کی پیش کش کی ہے۔ یہ پیش کش اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل بان کی مون کے ترجمان فرحان حق نے وزیراعظم نواز شریف کے بیان پر تبصرہ کرتے ہوئے کی۔ نواز شریف کا کہنا تھا کہ بھارت دونوں ملکوں کے درمیان اچھے تعلقات کے لیے پاکستان کی خواہش کا جواب دینے میں ناکام رہا ہے۔ سیکریٹری جنرل کے ترجمان سے اس بیان پر تبصرے کے لیے رابطہ کیا گیا تو ان کا کہنا تھا کہ اگر بھارت اور پاکستان تسلیم کریں تو سیکرٹری جنرل دونوں ملکوں کے درمیان امن مذاکرات میں ثالثی کراسکتے ہیں۔