دبئی(این این آئی)دبئی کی سنٹرل ویٹرینری ریسرچ لیبارٹری اونٹوں سے انسانوں کو منتقل ہونے والے مہلک وائرس مرس کے علاج کے لیے ایک ویکسین کی تیاری پر کام کررہی ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق مرس کے نام سے اس مہلک وائرس سے سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات میں لوگ سب سے زیادہ متاثر ہوئے ہیں۔ان دونوں عرب ممالک میں اونٹ کو پالتو جانور کے طور پر رکھا جاتا ہے اور ان کی دیکھ بھال کے سلسلے میں مالکان کا ان سے
براہ راست جسمانی رابطہ رہتا ہے جس سے یہ وائرس ان میں منتقل ہوجاتا ہے ۔بین الاقوامی سوسائٹی برائے وبائی امراض کے مطابق مرس وائرس سے اب تک 1750 افراد متاثر ہوئے ہیں اور ان میں 700 سے زیادہ کی اموات ہوچکی ہیں۔دبئی کی سنٹرل ویٹرینری لیباریٹری کے سائنٹفک ڈائریکٹر ڈاکٹر اولریچ ویرنرے نے مرس وائرس کے بارے میں بتایا کہ آپ اس کو اونٹوں کی بیماری نہیں کہہ سکتے ، وہ بیمار نہیں پڑتے ہیں بلکہ اس سے متاثر ہوتے ہیں اور اس وائرس کے کیرئیر ہوتے ہیں۔