اسلام آباد (نیوز ڈیسک ) دبئی کے” ہیلو” نامی میگزین کے پبلشرز اور ڈسٹری بیوٹرز نے سابق صدر آصف علی زرداری سے معذرت کرتے ہوئے اپنے رسالے کی تمام کاپیاں دکانوں سے واپس منگوا لی ہیں اور آن لائن ویب سائٹ سے بھی اسے ہٹا دیا۔ رسالے نے اس بات کا اعتراف کیا ہے کہ اس نے سابق صدر کے متعلق غلط اور ہتک آمیز مواد شائع کیا تھا۔ رسالے کے پبلشرز اور ڈسٹری بیوٹرز نے علیحدہ علیحدہ خطوں کے ذریعے سابق صدر کے وکیل سینیٹر فاروق نائیک کو اس بات کی اطلاع دی۔ فاروق نائیک نے 13اپریل کو انہیں نوٹس جاری کئے تھے۔ رسالے کی ایک سٹوری میں مبینہ طور پر کہا گیا تھا کہ آصف علی زرداری نے ایک خفیہ شادی کر رکھی ہے۔ فاروق نائیک نے مطالبہ کیا تھا کہ رسالے کی تمام کاپیاں فوری طور پر مارکیٹ سے واپس منگوائی جائیں اور اپنے آئندہ شمارے میں معذرت نامہ شائع کیا جائے۔ 24اپریل کو فاروق نائیک کو رسالے کے پبلشرز اور ڈسٹریبیوٹرز کی جانب سے معذرت نامہ موصول ہوگیا اور رسالے کی پبلشر مس زہرہ سیف اللہ نے وعدہ کیا کہ وہ اپنے رسالے کے آئندہ شمارے میں معذرت شائع کریں گی۔ کراچی میں رسالے کے ڈسٹری بیوٹر لبرٹی بکس نے بھی خط میں فاروق نائیک سے وعدہ کیا کہ وہ آئندہ کبھی ایسے قبیح عمل میں ملوث نہیں ہوں گے اور یہ بھی کہا کہ رسالے کی تمام کاپیاں مارکیٹ سے اٹھا لی گئی ہیں۔ رسالے کے ڈسٹری بیوٹر نے فاروق نائیک سے استدعا کی کہ اسے دیا گیا نوٹس واپس لیا جائے۔