اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستانی سکولوں میں چینی زبان لازمی پڑھانے سے متعلق قرارداد سینٹ نے منظور کر لی ہے، حکومت نے اس قرارداد کی مخالفت کی لیکن اس معاملے میں اسے سینٹ میں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ سینیٹر خالدہ پروین نے چینی زبان لازمی پڑھانے سے متعلق قرارداد سینٹ میں پیش کی۔ اس موقع پر سینٹ کے چیئرمین رضا ربانی نے کہا کہ آپ چینی زبان کو ہمارے اوپر کیوں مسلط کرنا چاہتی ہیں، انہوں نے کہا کہ علاقائی زبانوں کو ہم لازمی قرار نہیں دے پا رہے تو چینی زبان
کو کیونکر لازمی قرار دیا جائے۔ دوسری طرف حکومت نے اس قرارداد کی مخالفت کی، اس بارے میں وزیر مملکت جام جمال نے سینٹ میں کہا کہ چینی زبان کو تمام سکولوں میں لازمی پڑھانے سے متعلق قرارداد کی مخالفت کرتے ہیں، انہوں نے کہا کہ قرارداد میں سے لازمی کا لفظ ختم کرکے حوصلہ افزائی کا لفظ شامل کیا جائے تو ہم حمایت کریں گے۔ حکومت کی طرف سے مخالفت کی وجہ سے اس قرارداد پر ووٹنگ کرائی گئی تو حکومت شکست کھا گئی اور ایوان بالا نے یہ قرارداد منظور کر لی۔