کوئٹہ (این این آئی)حکومت بلوچستان نے صوبے کی شاہراہوں پر ٹریفک کے بڑھتے ہوئے حادثات پر قابو پانے کیلئے اقدامات کا فیصلہ کرلیا حکومت کاکوچز اور بسوں کے مسافر کیلئے انشورنس اسکیم متعارف کرانے اور مسافرکوچز کی رفتار چیک کرنے کیلئے کوچز اور بسوں میں ٹریکر لگانے کا فیصلہ کرلیا ، یہ بات سیکرٹری ٹرانسپورٹ عصمت اللہ کاکڑ نے نجی ٹی وی سے بات چیت کرتے ہوئے بتائی انہوں نے بتایا کہ محکمہ ٹرانسپورٹ کے رکارڈ کے مطابق
رواں سال جنوری میں صوبے میں ہونے والے حادثات میں چالیس افراد ہلاک جبکہ 94افراد زخمی ہوئے ،عصمت اللہ کاکڑ نے بتایا کہ حکومت بلوچستان نے ٹریفک کے بڑھتے ہوئے حادثات پر قابو پانے کیلئے کوچز اور بسوں کے مسافر کی انشورنس اسکیم متعارف کرانے کا فیصلہ کیا ہے جس کے تحت مسافروں سے کرائیے کے ساتھ پچاس روپے انشورنس کی مد میں لئے جائیں گے ،حادثے کی صورت میں جاں بحق ہونے والے کے ورثا کو چار لاکھ روپے دئیے جائیں گے، یہ رقم ٹرانسپورٹ کمپنی کا مالک اور انشورنس کمپنی ادا کرے گی ،سیکرٹری ٹرانسپورٹ نے بتایا کہ کوچز کی رفتار چیک کرنے کیلئے گاڑیوں میں حکومت کی جانب سے ٹریکنگ سسٹم لگایا جائے گا جس کی سمری وزیر اعلی بلوچستان کو بھجوائی جارہی ہے ،، مقرر کردہ رفتار سے زیادہ گاڑی چلانے پر کمپنی کا لائسنس منسوخ کیا جائے گا ۔