لودھراں(نیوزڈیسک)لودھراں میں جیت کر بڑا سرپرائز دینے والے پیر اقبال شاہ کے بارے میں حیرت انگیز انکشافات سامنے آگئے، تحریک انصاف کو سب سے بڑا سرپرائز دینے والے پیر اقبال شاہ نے الیکشن کمیشن میں اپنے تقریباً9کرو ڑ چار لاکھ کے اثاثے ظاہر کئے ہیں اس سے قبل پیر اقبال شاہ 2005ء میں تحصیل ناظم بھی رہ چکے ہیں جبکہ گزشتہ بلدیاتی انتخابات میں چیئرمی یونین کونسل کے انتخاب مںی بھی کامیاب رہے،
صدیق بلوچ اور ان کے بھتیجے کے الیکشن لڑنے سے انکار کے بعد مسلم لیگ ن نے انہیں جہانگیر ترین کے مقابلے میں اتارا اور انہوں نے علی ترین کو شکست دی،نجی ٹی وی کے مطابق پیر اقبال شاہ قریشی اپنے حلقے کی اہم سیاسی و سماجی شخصیت ہیں ان کے دو بیٹوں میں سے ایک رکن صوبائی اسمبلی بھی ہے، پیر اقبال شاہ کے اس علاقے میں کثیر تعداد میں عقیدت مند ہیں اور وہ لوگوں پر دم درود بھی کرتے ہیں ، معلوم ہوا ہے کہ پیر اقبال شاہ کے والد پیر کرم بخش قریشی علاقے کی جانی مانی شخصیت تھے جنہوں نے علاقے کی فلاح و بہبود کے لئے بہت کام کئے انہوں نے تقریباً ڈیڑھ مربع اراضی علاقے کے لوگوں کے لئے وقف کی تھی جس پر ہسپتال، سکول اور گورنمنٹ بوائز گرلز کالج قائم کیاگیا اس کے علاوہ مخدوم حالی میں جدید ترین ٹراما سینٹر بھی ان ہی کی عطیہ کی گئی زمین پر بنایاگیا ہے ۔پیر اقبال شاہ علاقے کے ایک بڑے زمینداربھی ہیں۔