لاہور(این این آئی) چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس میاں ثاقب نثار نے زینب قتل از خود نوٹس کیس نمٹاتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ لاہور ہائیکورٹ کے فیصلے کے مطابق سات روز میں فیصلہ کیا جائے۔گزشتہ روز سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں جسٹس میاں ثاقب نثار کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے سماعت کی ۔ انسپکٹر جنرل پنجاب پولیس کیپٹن (ر)عارف نواز خان اور دیگر اعلیٰ افسران عدالت کے رو برو پیش ہوئے ۔ اس موقع پر آئی جی پنجاب کی طرف سے رپورٹ ایڈووکیٹ جنرل پنجاب نے عدالت میں پیش کی جس میں بتایا گیا ہے
کہ ملزم عمران کاریمانڈ ختم ہونے پر اسے جوڈیشل کر دیا گیا جبکہ ملزم کا ڈی این اے میچ کر گیا اور اس نے اعتراف جرم بھی کرلیا ہے، تفتیش کسی دباؤ کے بغیرمیرٹ پر کی گئی جبکہ ٹرائل کورٹ میں جلدازجلد ٹرائل مکمل کرلیاجائیگا۔ جس پر عدالت نے اطمینان کااظہارکیا۔چیف جسٹس نے رپورٹ کی روشنی میں ازخود نوٹس نمٹاتے ہوئے ریمارکس دئیے کہ زینب قاتل کے پکڑنے پر پنجاب پولیس نے اچھی کارگردگی کا مظاہرہ کیا، اس کیس میں کسی کو شکایت ہو تو وہ درخواست دائر کرے۔ساتھ ہی چیف جسٹس نے مزید ہدایت کی کہ لاہور ہائیکورٹ کے فیصلے کے مطابق سات روز میں فیصلہ کیا جائے۔