لودھراں (این این آئی) لودھراں میں پی ٹی آئی کی بہتر پوزیشن پر وفاقی اور پنجاب حکومتوں کی طرف سے الیکشن میں ممکنہ دھاندلی کے ذریعے انتخابات جیتنے کی کوششوں کے خلاف لودھراں میں ترین ہاوس میں پی ٹی آئی کا خصوصی اجلاس ہوا ۔اس موقع پرپی ٹی آئی کے اجلاس میں سابق گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور، صدر پی ٹی آئی کشمیر و سابق وزیراعظم بیرسٹر سلطان محمود چوہدری، اسحاق خاکوانی، عامر وارن ، فواد چوہدری، سابق وزیر فردوس عاشق اعوان،
سابق وزیر معظم جتوئی، ریٹائرڈ میجر نور حسین ،سابق وزیر امتیاز وڑائچ، سابق ممبر اسمبلی چوہدری مقبول اور دیگر شامل ہوئے ۔اس موقع پر اجلاس میں وفاقی اور پنجاب حکومتوں کی طرف سے 12 فروری کے لودھراں کے ضمنی الیکشن میں دھاندلی کی کوششوں کو روکنے کے لیے اہم ترین فیصلے کیے گئے کارکنوں کو پولنگ اسٹیشنوں میں جارحانہ انداز اپنانے کی ہدایات جاری کی گئیں۔ آج سے انتخابی مہم ختم ہو رہی ہے۔ پی ٹی آئی کارکنان الیکشن کے دن اپنے اپنے ووٹ کاسٹ کروانے میں حکمت عملی سے کام لیں ۔جس طرح جہانگیر ترین نے 40 ہزار ووٹوں سے کامیابی حاصل کی تھی ۔اسی طرح 12 فروری کو ایک مرتبہ پھر اسی اندازمیں بھی پی ٹی آئی کو بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کی جائے۔ لودھراں کے نتائج سے آئندہ کی سیاست کا تعین ہو گا ۔دریں اثناء سابق وزیراعظم بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے لودھراں سے اسلام آباد روانگی سے قبل پی ٹی آئی کے سیکریٹری جنرل جہانگیر ترین ،پی ٹی آئی کے وائس چیرمین شاہ محمود قریشی ،ترجمان پی ٹی آئی فواد چوہدری، سابق وزیر فردوس عاشق اعوان سے بھی ملاقاتیں کر کے انہیں یقین دلایا کہ جہاں جہاں لودھراں میں کشمیری ووٹرز ہیں وہ علی ترین کی کامیابی میں اہم کردار ادا کریں گے۔ 12 فروری کو علی ترین بھاری اکثریت سے کامیاب ہوں گے ۔