کراچی (این این آئی) کراچی کی مقامی عدالت نے ایگزیکٹ جعلی ڈگری اسکینڈل کیس میں ملزم شعیب شیخ کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست مسترد کرتے ہوئے سماعت 19فروری تک ملتوی کردی ہے ۔ہفتہ کو ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج جنوبی کی عدالت میں ایگزیکٹ جعلی ڈگری اسکینڈل کیس کی سماعت ہوئی ۔مرکزی ملزم ایگزیکٹ کے سی ای او ملزم شعیب شیخ اپنی اہلیہ کے ہمراہ عدالت میں پیش ہوئے ۔ملزم شعیب شیخ نے ایف آئی اے کے وکیل پر اعتراض کرتے ہوئے کہا کہ یہ کیس صرف ایف آئی اے کے
اپنے پراسکیوٹر ہی چلا سکتے ہیں پرائیوٹ وکیل نہیں چلا سکتا۔اس حوالے سے سپریم کورٹ کے واضح احکامات موجود ہیں ہیں جو میں عدالت میں پیش کرنا چاہتا ہوں اس کے لیے مہلت دی جائے ۔ایف آئی اے کے وکیل نے کہا کہ مجھے اس حوالے سے مکمل اتھارٹی دی گئی ہے جو کہ عدالتی ریکارڈ پر موجود ہے ۔ملزم شعیب شیخ نے عدالت سے استدعا کی کہ اسے اور اسکی اہلیہ کو حاضری سے استثنیٰ دیا جائے ۔عدالت نے ملزم کی زبانی درخواست مسترد کرتے ہوئے کیس کی مزید 19تک فروری تک ملتوی کردی ہے ۔عدالت نے آئندہ سماعت پر گواہوں اور ملزمان کو حاضری یقینی بنانے بھی کی ہدایت کی ہے ۔