اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک)بھارت میں پاکستانی خاتون ایجنٹ کیلئے جاسوسی کے الزام میں گرفتار انڈین ائیر فورس کے آفیسر آرُن مرواہا کے مزید انکشافات سامنے آگئے، بھارتی میڈیا کے ایک بار پھر واویلا ۔ تفصیلات کے مطابق بھارت میں پاکستانی خاتون ایجنٹ کو حساس را ز دینے اور آئی ایس آئی کیلئے جاسوسی کے الزامات میں گرفتاری انڈین ائیرفورس کے افسر آرُن مرواہا نے مزید انکشافات کئے ہیں۔
اس حوالے سے بھارتی میڈیا ایک بار پھر روایتی انداز میں پاکستان کی خفیہ ایجنسی آئی ایس آئی کے خلاف واویلا کرنے میں مصروف ہے۔ بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق آرُن مرواہا نے دوران تفتیش بتایا ہے کہ اس نے کچھ خفیہ دستاویزات اور معلومات دو پاکستانی ایجنٹوں کیساتھ شیئر کی تھیں جو کہ خود کو خواتین ظاہر کئے ہوئے تھیں۔ آرُن کے ساتھ یہ مبینہ پاکستانی خواتین ایجنٹس کِرن رندھاوا اور ماہیما پٹیل کے نام سے جعلی فیس بک اکائونٹس کے ذریعے رابطے میں تھیں۔ انڈین ائیر فورس کے افسر نے اپنے سمارٹ فون کے ذریعے بھارتی فضائیہ کے ہیڈکوارٹرز سے دستاویزات کی تصویریں بنائیں اور وٹس ایپ کے ذریعے مبینہ پاکستانی ایجنٹس کو بھیجیں۔ بھارتی میڈیا نے سپیشل سیل کے افسر کے حوالے سے دعویٰ کیا ہے کہ مبینہ پاکستانی خواتین ایجنٹس نے خود کو ماڈل ظاہر کیا تھا جبکہ آئی ایس آئی کے ایک افسر نے بھارتی فضائیہ کے افسر آرُن مرواہا کی برہنہ تصاویر حاصل کرنے کیلئے اسے ٹریپ بھی کیا اور پھر اسے اعتماد میں لیکر خفیہ معلومات حاصل کی گئیں۔ آرُن نے زیادہ تر بھارتی فضائیہ کی تربیت اور جنگی مشقوں کے حوالے سے معلومات مبینہ پاکستانی ایجنٹس کو فراہم کیں۔بھارتی میڈیا کے مطابق بھارتی فضائیہ کے گرفتار افسر کے ساتھ کچھ اور لوگوں کے ملوث ہونے کا بھی خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے جس پر دہلی پولیس نے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔