لاہور ( این این آئی)پنجاب حکومت نے قصور کی دیگر 7بچیوں کے کیس کی تحقیقات بھی زینب قتل کیس کی جوائنٹ انویسٹی گیشن کے سپرد کر دیں اور ٹیم کو جلد از جلد تحقیقات مکمل کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق قصور میں معصوم بچی زینب کو اغواء اور زیادتی کا نشانہ بنانے کے بعد قتل کردیا گیا تھا، ملزم عمران نے بعد میں اعتراف کیا تھا کہ وہ زینب کے علاوہ بھی
کئی بچیوں کو قتل کرچکا ہے۔جس پر پنجاب حکومت نے زینب کے علاوہ دیگر 7 بچیوں کے کیس کی تحقیقات بھی زینب قتل کیس کی جے آئی ٹی کے سپرد کردی گئی ہیں اور ٹیم کو جلد از جلد تحقیقات مکمل کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ذرائع کے مطابق جوائنٹ انویسٹی گیشن زینب قتل کیس کی تحقیقات تقریبا مکمل کرچکی ہے اور چالان مرتب کررہی ہے، جے آئی ٹی کے شواہد کی روشنی میں مقامی پولیس چالان کو حتمی شکل دے کر عدالت میں پیش کرے گی۔دوسری جانب زینب قتل کیس کی تحقیقات کرنے والی جے آئی ٹی کا اجلاس ہوا جس میں ملزم عمران کے 37بینک اکاؤنٹس کا دعوی کرنے والے اینکر پرسن طلب کیے جانے کے باوجود تحقیقاتی ٹیم کے سامنے پیش نہیں ہوئے۔مشترکہ تحقیقاتی ٹیم نے جمعہ کے روز بھی اینکر پرسن کو طلب کیا تھا۔واضح رہے کہ نجی ٹی وی چینل کے اینکرپرسن نے ملزم عمران کے 37بینک اکاؤنٹس کا دعویٰ کیا تھا جس پر وزیراعلی پنجاب نے نوٹس لے کر جے آئی ٹی کو معاملے کی تحقیقات کا حکم دیا تھا جبکہ سپریم کورٹ نے بھی انہیں طلب کر رکھا ہے تاہم جے آئی ٹی اور اسٹیٹ بینک نے ملزم عمران کے کسی بھی کمرشل بینک میں اکانٹ کی تردید کردی ہے۔