اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) لاہور ائیرپورٹ سے منشیات کی بھاری کھیپ بیرون ملک سمگل کرتی غیر ملکی ماڈل کی رہائی کیلئے پاکستان کو دھمکی موصول، اگر دو دن میں ماڈل کو رہا نہ کیا تو ملک میں دھماکے کرینگے، میڈیا اداروں کو لیڈی سمگلر کے ساتھی نے ای میل بھیج دی۔ تفصیلات کے مطابق لاہور ائیرپورٹ سے منشیات کی بھاری کھیپ بیرون ملک سمگل کرتی غیر ملکی ماڈل کی رہائی
کیلئے اس کے گروہ کے افراد سرگرم عمل ہو گئے ہیں اور میڈیا اداروں کو بذریعہ ای میل ایک دھمکی موصول ہوئی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ اگر غیر ملکی ماڈل کو دو دن میں رہا نہ کیا گیا تو پاکستان میں دہشتگردانہ حملہ ہو گا۔یہ ای میل چیک ریپبلک سے ایک آئیوانو نامی شخص نے بھجوائی ہے جس میں اس نے چیک ریپبلک کا ایک فون نمبر بھی دیا ہے۔ ای میل میں لکھا گیا ہے کہ ”خبردار، اگرآئندہ دودنوں کے دوران 9کلوگرام ہیروئن سمیت پکڑی گئی ماڈل کو رہانہ کیاگیا اور چیک ری پبلک آنیوالے جہاز میں سوار نہ کروایاگیاتو وہاں پاکستان میں دہشتگردانہ حملہ ہوگا، ماڈل ٹریسا میرے ساتھ رابطہ کرسکتی ہے اور اگر رہاہوتے ہی اس نے مجھ سے رابطہ نہ کیا تو بدلہ لینے کا وعدہ کرتا ہوں“۔واضح رہے کہ لاہور ائیرپورٹ پر منشیات کی بھاری کھیپ بیرون ملک سمگل کرتے ہوئے چیک ریپبلک کی ایک ماڈل کو کسٹم حکام نے گزشتہ دنوں گرفتار کیا تھا ۔کچھ دن بعد چیک ریپبلک کے ایک اخبار میں اس غیر ملکی ماڈل لڑکی کی سہیلی کا ایک انٹرویو بھی شائع ہوا تھا جس میںاس کی سہیلی نے انکشاف کیا تھا کہ وہ اپنی دوست کے ہمراہ پاکستان فوٹو شوٹ کیلئے آئی تھی تاہم اس کی دوست کی جانب سے اس طرح کی حرکت کا اسے علم نہیں تھا۔ اس کا کہنا تھا کہ اس کی دوست پاکستان میں موجود اپنے باس کے ساتھ رابطے میں تھی ۔