لندن (این این آئی)برطانوی وزیر خارجہ بورس جانسن نے کہا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا ملک میں خیر مقدم کیا جانا چاہیے ۔انھوں نے خبردار کیا ہے کہ اس دورے کی مزاحمت سے برطانیہ کے قومی مفادات کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔انھوں نے برطانوی اخبار سے بات چیت میں کہاکہ ڈونلڈ ٹرمپ کے مجوزہ دورے کے التوا سے برطانیہ کی امریکا سے غیر معمولی اقتصادی شراکت داری کو نقصان پہنچے گا۔
انھوں نے کہاکہ ڈونلڈ ٹرمپ دنیا کی عظیم اور سب سے طاقتور جمہوریت کے منتخب صدر ہیں اور یہ ملک ہمارا سب سے قریبی اتحادی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ صدر ٹرمپ کے دورے کے ناقدین برطانیہ کے اقتصادی مفادات کے بارے میں کچھ نہیں جانتے ہیں۔ وہ امریکی صدر کے دورے کی مخالفت کرکے دراصل ہمارے قومی مفادات کو نقصان پہنچا رہے ہیں۔بورس جانسن نے اس دعوے کو بھی مسترد کردیاکہ ڈونلڈ ٹرمپ ایک الگ تھلگ امریکا کی صدارت کررہے ہیں۔ان کے بہ قول ٹرمپ انتظامیہ احترام اور تسلیم کیے جانے کی حق دار ہے چہ جائیکہ اس کو بچکانہ تنقید کا نشانہ بنایا جائے۔