اسلام آباد (این این آئی) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹوزرداری نے کہا ہے کہ سوائے انصاف کے جج تمام دیگر کام کر رہے ہیں ٗججوں کی توجہ سیاسی معاملات پر زیادہ ہے جس سے ملک میں انصاف متاثر ہورہا ہے۔ایک بیان میں بلاول بھٹو زر داری نے کہاکہ چیف جسٹس کی سربراہی میں لاء ریفارمز کمیشن قائم ہے اور چاروں صوبوں کے چیف جسٹس کمیشن کے رکن ہیں۔
چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہا کہ قانون کے مطابق کمیشن نے سال میں 4 بار اجلاس کرنا ہوتا ہے تاہم یہاں 2015ء سے لا ریفارمرز کمیشن کا کوئی اجلاس ہی نہیں ہوا ہے۔بلاول بھٹو زر داری نے کہاکہ ججز انصاف کے سوا دیگر سارے کام کررہے ہیں بلکہ ان کی زیادہ توجہ سیاسی معاملات پر ہے ۔انہوں نے کہاکہ ججز سیاست دانوں والا کردار ادا کررہے ہیں اور ان کی اپنے کام کے سوا دیگر کاموں پر توجہ کے باعث انصاف متاثر ہورہا ہے۔