لاہور( این این آئی )صوبائی دارالحکومت کے علاقے گرین ٹاؤن میں واقع گھر سے ماں اور دو بچوں کی لاشیں برآمد ہوئی ہیں ،پولیس اور فرانزک ماہرین نے جائے وقوعہ سے ضروری شواہد اکٹھے کرلئے جس کے بعد لاشوں کو پوسٹمارٹم کیلئے مردہ خانے منتقل کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ۔ بتایاگیا ہے کہ گرین ٹاؤن کے علاقہ جیوا پارک میں ایک گھر میں خاتون سمیت دو بچوں کی لاشوں کی موجودگی کی اطلاع پر پولیس موقع پر پہنچ گئی ۔
بعد ازاں فرانزک ماہرین کو بھی طلب کر لیا گیا اور موقع سے ضروری شواہد اکٹھے کرنے کے بعد لاشوں کو پوسٹمارٹم کیلئے مردہ خانے منتقل کر دیا گیا ۔ پولیس کے مطابق لاشوں پر تشدد کے بظاہر کوئی نشانات موجود نہیں تاہم موت کی اصل وجہ پوسٹمارٹم رپورٹ کے بعد سامنے آئے گی ۔ مرنے والوں کی شناخت 24سالہ عائشہ ،دو سالہ ایان علی اور آٹھ ماہ کی نور کے نام سے ہوئی ہے ۔ پولیس کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ عثمان نامی شخص نے عائشہ سے دوسری شادی کر کے اسے کرائے کامکان لے کر رکھا ہوا تھا ۔ عثمان کے مطابق دو روز قبل وہ کھانا کھلانے کے بعد وہاں سے روانہ ہوااور اس دورا ن ایک ہی دفعہ رابطہ ہوا جس میں عائشہ نے بتایا کہ ایک بچے کی طبیعت خراب ہے ۔ عثمان کے مطابق اس کے بعد وہ مسلسل فون کرتا رہا لیکن فون بند ملا جس کے بعد وہ گھر پہنچا اور دروازہ توڑا تو اندر لاشیں موجود تھیں ۔