لاہور(آئی این پی ) وزیراعلی پنجاب شہباز شریف نے بچوں کے تحفظ کے لیے وزیر قانون رانا ثنااللہ کی سربراہی میں کمیٹی قائم کردی،20 رکنی کے سربراہ بائی وزیر قانون رانا ثنا اللہ ہونگے ۔ تفصیلات کے مطابق قصور میں 7 سالہ زینب کے اغوا، زیادتی اور
قتل کے خلاف ملک بھر میں احتجاج کا سلسلہ جاری ہے اور بچوں کے تحفظ کے حوالے سے ایک بحث کا بھی آغاز ہوگیا ہے۔وزیر اعلی پنجاب شہباز شریف نے بچوں کے تحفظ کے لیے کمیٹی قائم کردی جس کی سربراہی صوبائی وزیر قانون رانا ثنا اللہ کریں گے۔وزیراعلی کی جانب سے تشکیل دی گئی 20 رکنی کمیٹی کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا ہے جس میں وزیر تعلیم، چیئرپرسن چائلڈ پروٹیکشن اور آئی جی پنجاب شامل ہیں۔نوٹیفکیشن کے مطابق کمیٹی بچوں کے تحفظ کے لیے سفارشات تیار کرے گی اور کمیٹی کا اجلاس روزانہ کی بنیاد پر ہوگا۔نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ کمیٹی پولیس کے کام کا جائزہ اور آگہی مہم کے لیے سفارشات بھی مرتب کرے گی جب کہ بچوں کے تحفظ کو نصاب کا حصہ بنایا جائے گا۔نوٹی فکیشن میں بتایا گیا ہے کہ کمیٹی اساتذہ اور علما کرام سے بھی مشاورت کرے گی۔واضح رہے کہ رانا ثناء اللہ نے اپنے ایک بیان میں بچوں کی گمشدگی کا ذمہ دار ان کے والدین کو قراردیاتھا اور کہاتھا کہ والدین کو اپنی ذمہ داری پوری کرنا چاہئے۔