کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان میں اپنی نوعیت کی پہلی ہارر فلم پری، کا ٹریلر سنیماؤں کے ساتھ سوشل میڈیا پر بھی جاری کردیا گیاہے جسے فلمی ناقدین کے علاوہ شائقین نے بھی پسندیدگی کی سند دے دی ہے۔ پری، کے رائٹر اور ڈائریکٹر سید عاطف علی ہیں جبکہ کاسٹ میں سلیم معراج، عزیکا ڈینیل،جنید اختر، رشید ناز ،چائلڈ اسٹار خوشی ماہین اور قوی خان شامل ہیں۔پری، 2فروری کوملک بھر میں نمائش کے لیے پیش کی جارہی ہے۔
فلم کے ٹریلر سے اندازہ لگایا جاسکتا ہے کہ باکس آفس پر خوف اور دہشت کا راج ہوگا۔سید عاطف علی‘ ٹی وی پر مسٹری اور ہارر ڈراموں کے حوالے سے مقبول نام ہے۔اُن کے کریڈٹ پر کئی کامیاب سیریلزاور سیریز ہیں۔پری‘ عاطف علی کی پہلی فلم ہے۔فلم کے اسکرپٹ و اسکرین پلے کو حتمی شکل دینے میں عاطف علی کی معاونت محمد احسن نے کی ہے۔پہلی فلم کی ڈائریکشن کے لیے ہارر سبجیکٹ کا انتخاب کرنے کے حوالے سے عاطف علی کا کہنا ہے کہ یہ میرے من کی آواز ہے جس پر عمل کیا ہے۔مجھے ٹھیک لگا کہ ایک اچھی ہارر فلم کے ذریعے فلمی کیریئر شروع کیا جاسکتاہے۔دُنیابھر میں ہارر فلمز اپنی کہانی اور میکنگ کی بُنیاد پر چلی ہیں‘ عام طور سے اس ٹائپ کی فلموں میں ٹاپ اسٹارز نہیں ہوتے اور نہ ہی ان کی ضرورت پڑتی ہے تو پری‘ بھی زیادہ تر نئے چہروں سے سجائی گئی ہے تاہم اس میں انڈسٹری کے نامور ایکٹرز قوی خان اور رشید ناز موجودہیں۔اس کے علاوہ جانے مانے ایکٹر سلیم معراج کا بھی خاصا اہم رول ہے۔انہوں نے کہا کہ جس کہانی کو ہم نے منتخب کرکے پری، بنائی‘ اُس کا تعلق سبھی گھروں سے ہے۔ تاہم اسے ایک ڈراؤنی فلم کہنا محدود ہوگا کیونکہ اس میں کئی اور پہلوؤں کی نشاندہی بھی کی گئی ہے۔ گانوں اور میوزک میں پورا فلم فلیور ملے گا۔ہارر فلموں کا میک اپ اور گیٹ اپ خاص اہمیت کا حامل ہوتا ہے،
اسے prosthetic کہاجاتا ہے ۔پاکستانی میک اپ آرٹسٹس محمد علی اور محمد رمیز خان نے اس فلم میں اپنی ہنر مندی کا خوب جادو جگایا ہے۔یہ دونوں نوجوان گزشتہ دو سال سے اس فن کی ٹریننگ لینے کے بعد اب عملی طور پر پاکستانی فلموں کو اپنی خدمات دینے کے لیے تیارہیں۔دلچسپ بات یہ ہے کہ بولی وڈ اداکارہ انوشکاشرما نے بھی بطور پروڈیوسرپری‘کے ٹائٹل سے ایک فلم بنائی ہے جو کہ پاکستانی ’’پری‘‘ کے ایک ہفتہ بعد ریلیز ہورہی ہے۔ پری،2فروری 2018 کو پاکستان بھر میں فلمیکا پکچرز کے بینر تلے ریلیز کرنے کی تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں۔