اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) وزیر اعظم کے معاون خصوصی مصدق ملک نے کہا ہے کہ یہ محض ایک اتفاق ہے کہ لیگی قیادت ایک ساتھ سعودی عرب میں جمع ہوئی ہے اس کا مطلب ہرگز یہ نہیں کہ ہم کوئی این آر او کرنے جارہے ہیں۔ایک انٹرویو میں مصدق ملک نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) پچھلے چار سالوں سے مشکلات کا شکار ہے جس کی شروعات میں پہلا اور دوسرا دھرنا، پھر پاناما کیس ٗ جے آئی ٹی کی تفتیش کا دور اور بعد میں اقامہ کیس میں نواز شریف کی
نا اہلی، ان سب کے بعد اگر اپوزیشن جماعتیں ایک آدھ اور دھرنا کرنا چاہتی ہیں تو کرلیں کیونکہ اب (ن) لیگ ان سب کی عادی ہوچکے ہے۔انہوں نے کہا کہ تاریخ میں پہلی بار پیپلز پارٹی کا رویہ پرور اسٹیبلشمنٹ ہوا ہے، طاہرالقادری کب اور کس کے اشارے میں پاکستان آتے ہیں اور کس طرح راتوں رات واپس چلے جاتے ہیں یہ سب جانتے ہیں، پھر پیپلز پارٹی کا ان کے ساتھ بیٹھ کر انصاف کی بات کرنا اس بات کی طرف اشارہ ہے یہ کس کے اشارے پر یہاں بیٹھے ہیں۔