ریاض (نیوز ڈیسک) ارب پتی سعودی شہزادے الولید بن طلال کے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر اپ ڈیٹ کی جانے والی پوسٹ کے مطابق انہوں نے یمنی باغیوں کے خلاف تازہ ترین فضائی کارروائی میں حصہ لینے والے 100 سعودی پائلٹوں کو 100 نئی بیش قیمت بینٹلے گاڑیاں دینے کا اعلان کیا۔ اس ٹویٹ نے سوشل میڈیا ویب سائٹ پر ایک طوفان کھڑا کردیا۔ ’بی بی سی‘ کے مطابق اس پوسٹ کو 28 ہزار سے زائد مرتبہ ری ٹویٹ کیا گیا لیکن پھر اسے ڈیلیٹ کردیا گیا۔ اس ٹویٹ پر متعدد سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے غصے کا اظہار کیا گیا اور پرنس ولید کے اس اعلان کو نامناسب قرار دیا۔ ٹوئٹر پر پرنس ولید کو 31 لاکھ لوگ فالو کرتے ہیں اور کمپنی کے 30 کروڑ ڈالر مالیت کے شیئرز بھی ان کے پاس ہیں۔ عرب میڈیا کا کہنا ہے کہ پرنس کے اکاؤنٹ کو ہیک کرلیا گیا تھا لیکن اب تک شہزادہ ولید کی جانب سے باضابطہ طور پر اس کی وضاحت نہیں کی گئی۔