لاہور(سی پی پی) معروف اداکارہ وماڈل عظمی حسن نے کہا ہے کہ بھارت میں ایسا کام نہیں کروں گی جس سے پاکستان کی بدنامی ہوں ،شان سے اداکاری ہی نہیں بلکہ ہدایت کاری کی تربیت بھی حاصل کی۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے نجی ٹی وی کو انٹرویودیتے ہوئے کیا۔ عظمی حسن نے کہا کہ میرا تعلق ٹی وی اورتھیٹر سے ہے اور میں نے ٹی وی اورتھیٹر پر بہت کام کیا اورکبھی سوچا بھی نہ تھا کہ کبھی فلم میں کام کرونگی،
یہی نہیں یہ بھی کبھی خیال نہیں آیا تھا کہ ایک دن مجھے سپراسٹارشان کے ساتھ کام کرنے کاموقع ملے گا ۔شان نے بڑی رہنمائی کی اوراسی لیے میں اچھا کام کرپائی۔ انھوں نے کہا کہ میں اپنے کیرئیرمیں سب کچھ کرنا چاہتی ہوں۔ ٹی وی، تھیٹراورفلم کے شعبوں میں کام کرتی رہوں گی اوراس کے علاوہ تکنیکی شعبوں میں بھی قسمت آزمائوں گی۔اس کی بڑی وجہ شان ہی ہیں جن کے کام کرنے کے اندازنے مجھے بہت متاثرکیا ہے۔ ان کودیکھ کرمجھے یوں محسوس ہوتا ہے کہ
اس شعبے سے وابستہ ایک فنکارکوتمام تکنیکی کام بھی آنے چاہئیں، تاکہ وہ بہترانداز سے اپنا کام مکمل کرسکے۔ ایک سوال کے جواب میں عظمی حسن نے بتایا کہ میں انڈیا میں تھیٹرمیں پرفارم کرچکی ہوں۔ جہاں تک بات بالی ووڈ فلموں میں کام کرنے کی ہے تو ضرورکام کروں گی ، لیکن ایسا کوئی کام نہیں کروں گی جس سے میرے وطن کی بدنامی ہو۔ کیونکہ مجھے پاکستانی ہونے پرفخر ہے اورمیرے لیے سب سے پہلا اپنا وطن ہے۔