کراچی (آئی این پی)پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی)نے وقت کی کمی کے سبب پاکستان سپر لیگ کے تیسرے ایڈیشن کا فائنل نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں بغیر چھت کے کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔ملک میں انٹرنیشنل کرکٹ نہ ہونے کے سبب کھیلوں کے میدان ویران پڑے ہوئے اور اسی وجہ سے ان کی حالت بھی دن بدن خستہ ہوتی جا رہی ہے
تاہم ملک میں بتدریج انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی کے ساتھ پاکستان کرکٹ بورڈ نے کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم کی حالت کو سدھارنے کیلئے اس کی تزئین و آرائس کے ساتھ ساتھ چھت کی بھی دوبارہ تعمیر کا فیصلہ کیا تھا۔اسٹیڈیم میں ان دنوں تعمیراتی کام جاری اور چھت کو کافی حد تک تورا جا چکا ہے لیکن وقت کی کمی کے سبب پاکستان سپر لیگ کے فائنل سے قبل چھت کی تیاری مشکل نظر آ رہی ہے اور اسی وجہ سے بورڈ نے چھت کے بغیر ہی
لیگ کے تیسرے ایڈیشن کا فائنل کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔پاکستان کرکٹ بورڈ کے ذرائع کے مطابق کیفلون فائبر کی چھتیں بنانے میں کم سے کم 3 ماہ کا وقت لگے گا لہذا وقت کی کمی کے سبب اسٹیڈیم کی چھتیں بعد میں تعمیر کی جائیں گی۔ذرائع کے مطابق فائنل کے انعقاد کے بعد چھتوں کی تعمیر کا کام ملائیشین کمپنی کرے گی۔پاکستان کرکٹ بورڈ نے رواں سال قائد اعظم ٹرافی کا ڈے اینڈ نائٹ فائنل بھی نیشنل اسٹیڈیم میں کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔