اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) بھارت نے ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کرتے ہوئے لائن آف کنٹرول پر سیز فائر معاہدے کی خلاف ورزیوں کے معاملے پر الٹا پاکستان پر الزام دھر دیا۔لائن آف کنٹرول اور ورکنگ باؤنڈری پر بھارتی فورسز کی جانب سے آئے روز بلا اشتعال فائرنگ اور گولہ باری کا سلسلہ جاری رہتا ہے جس سے متعدد بے گناہ افراد شہید اور کئی زخمی ہوچکے ہیں۔بھارتی فورسز کی جانب سے سیز فائر معاہدے کی خلاف ورزیوں پر وزیر خارجہ خواجہ آصف نے اپنی بھارتی ہم منصب سشما سوراج کو
خط لکھا تھا جس کا انہوں نے جواب دے دیا ہے۔ذرائع کے مطابق خواجہ آصف نے خط میں لکھا تھا کہ پاکستان لائن آف کنٹرول پر بھارتی جارحیت کا جواب دینے پر مجبور ہے۔ذرائع نے بتایا کہ بھارتی وزیر خارجہ نے پاکستان کی مثبت کوششوں کا مثبت جواب دینے کی بجائے الٹا پاکستان پر دراندازی کا الزام لگایا ہے۔ذرائع کے مطابق بھارتی وزیر خارجہ نے ڈھٹائی کا مظاہرہ کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کنٹرول لائن کی خلاف ورزی نہیں کرتا لہٰذا پاکستان کی دراندازی جاری رہنے تک مثبت پیشرفت نہیں ہوسکتی۔