اسلام آباد(آئی این پی )پاکستان نے امریکہ کی جانب سے ا پنا سفارتخانہ مبینہ طور پر بیت المقدس منتقل کرنے کے معاملے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ معاملہ علاقائی امن اور مشرق وسطیٰ میں سلامتی کے عمل کو متاثر کرے گا ، امریکہ بیت المقدس کی قانونی
اور تاریخی حیثیت متاثر کرنے کے اقدامات سے باز رہے ، پاکستان ایک خودمختار، آزاد اور مستحکم فلسطینی ریاست کے قیام کا خواہاں ہے ۔بدھ کو امریکہ کی جانب سے اپنا سفارتخانہ مبینہ طور پر مقبوضہ بیت المقدس منتقل کرنے کے معاملے پر پاکستان کی حکومت اور عوام کی جانب سے شدید تشویش کا اظہار کیا گیا ہے ۔وزیراعظم آفس سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ایسا کوئی بھی اقدام عالمی عالمی قوانین اور سلامتی کونسل کی قراردادوں کی خلاف ورزی ہوگا اور کئی دہائیوں کے اتفاق رائے کے بھی خلاف ہوگا ۔ یہ معاملہ علاقائی امن اور مشرق وسطیٰ میں سلامتی کے عمل کو متاثر کرے گا ، پاکستانی عوام اور حکومت ایسے کسی بھی اقدام کی دوٹوک مخالفت کرتے ہیں ۔ پاکستان اس معاملے پر او آئی سی کے حالیہ اعلامیے کی مکمل توثیق کرتا ہے ۔ اس معاملے پر پاکستان نے موقف اختیار کیا کہ بیت المقدس کی قانونی اور تاریخی حیثیت متاثر کرنے کے اقدامات سے باز رہے ۔ امریکہ اس معاملے پر سلامتی کونسل کی قراردادوں کا احترام کرے ، ہم فلسطینی عوام کیساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں ۔ پاکستان ایک خودمختار ،آزاد ریاست اور مستحکم فلسطینی ریاست کے قیام کا خواہاں ہے ۔ (ن م)