ریاض(این این آئی)سعودی عرب میں ریاض صوبے کے سکریٹری انجینئر ابراہیم السلطان نے اس امر کی تصدیق کی ہے کہ پبلک ٹرانسپورٹ سے متعلق کِنگ عبدالعزیز پروجیکٹ کا پورے زوروں سے آغاز ہو چکا ہے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق السلطان نے کہاکہ رواں برس کے اوائل میں مرسڈیز کمپنی کے ساتھ 900 بسوں کی درآمد کے معاہدے پر دستخط کیے گئے تھے۔ منصوبے کے تحت بعض سڑکوں پر ٹریک کی تعمیر جاری ہے
تا کہ نئی بسوں کو عنقریب چلایا جا سکے۔السلطان کا مزید کہنا تھا کہ اب تک “ریاض میٹرو” منصوبے کا 62% حصّہ مکمل ہو چکا ہے اور بقیہ ماندہ کام آئندہ چند ماہ میں پورا کر لیا جائے گا۔ منصوبے کے تجرباتی آپریشن کا آغاز آئندہ برس کے وسط میں ہو گا۔دوسری جانب ریاض کے شہریوں نے میٹرو مں صوبے کے حوالے سے اس امید کا اظہار کیا ہے کہ دارالحکومت کی سڑکوں پر اس منصوبے کے سبب کشادگی پیدا ہو جائے گی۔