بیجنگ (مانیٹرنگ ڈیسک) چین سی پیک میں تیسرے فریق کی شمولیت کا خواہشمند ہے ، سی پیک کھلا منصوبہ ہے ، سی پیک منصوبوں میں دیگر ممالک کی شمولیت خوش آئند ہے ، کراچی کے پاور پلانٹ کی تعمیر میں قطر کی شمولیت اس منصوبے کے کھلے پن کا ثبوت ہے ۔ چین کی وزارت خارجہ
کے ترجمان کینگ شوانگ نے کہا ہے کہ سی پیک میں چین تیسرے فریق کی شمولیت کو خوش آمدید کہے گا ۔ سی پیک محض دو ملکوں کیلئے نہیں بلکہ یہ خطے کی سلامتی وترقی کا منصوبہ ہے ۔ اس منصوبہ میں دیگر ممالک کی شمولیت خوش آئند ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کراچی میں پورٹ قاسم بندرگاہ پر1320میگاواٹ کے کول پاور پلانٹ کو چین نے قطر کی اشتراکیت سے مکمل کیا ہے ۔ اس منصوبہ کو چائنا ریسورسز لمیٹڈ اور قطر کی المرقاب کیپیٹل نے 2.085بلین ڈالر کی مشترکہ سرمایہ کاری سے مکمل کیا ہے ۔ یہ منصوبہ سی پیک کے تحت جاری منصوبوں میں سے ایک بڑا منصوبہ تھا ۔ کینگ شوانگ نے کہا کہ سی پیک کے ماتحت منصوبوں میں سے یہ پہلا منصوبہ تھا جس میں کسی تیسرے ملک کی شراکت داری ہوئی ۔ ہم دیگر ممالک کو بھی سی پیک کے تحت جاری منصوبوں میں شرکت کی دعوت دیتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ شراکت داری برابری کے اصولوں پر ہوگی ۔ چین اس منصوبہ کی تکمیل پر خوش ہے ۔ انہوں نے کہا کہ میرا خیال ہے کہ توانائی بحالی میں اس منصوبے کی تکمیل سے مثبت اثرات مرتب ہوں گے اور اس کے فوائد دوست ملک پاکستان کی عوام تک پہنچیں گے ۔