اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم عظیم انقلابی لیڈر اورا سلام امن پسند دین ہے، انقلابی لیڈر نیلسن منڈیلا کے پوتے اورجنوبی افریقی ممبر پارلیمنٹ مانڈلا منڈیلا کا تحریک منہاج القرآن کے زیر اہتمام
مینار پاکستان پر منعقدہ تاجدار ختم نبوت کانفرنس سے خطاب، کشمیر اور فلسطین کی آزادی کابھی مطالبہ کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق جنوبی افریقہ کے سابق صدر اور انقلابی لیڈر نیلسن منڈیا کے نو مسلم پوتے اور جنوبی افریقن رکن پارلیمنٹ مانڈلا منڈیلا نے تحریک منہاج القرآن کے زیر اہتمام مینار پاکستان پر منعقدہ تاجدار ختم نبوت کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے اسلام امن پسند دین اور حضرت محمد ﷺ ایک عظیم انقلابی لیڈر ہیں ۔ مانڈلا منڈیلا نے اسلام قبول کرنے کو اپنے لئے خوش بختی قرار دیتے ہوئے کہا کہ اسلام امن کا دین ہے اور امت مسلمہ کو نبی کریم ﷺ کی تعلیمات کو عالم کرنا ہو گا۔ انہوں نے کشمیریوں کے حق خود ارادیت کی بھرپور حمایت کرتے ہوئے کہا کشمیر یوں کو ان کا بنیادی حق ضرور ملنا چاہئے جبکہ فلسطین کے مسلمان بھی آزادی کے خواہاں ہے اور ان کو بھی آزادی ملنی چاہئے۔ واضح رہے کہ مانڈلا منڈیلا نے حال ہی میں اسلام قبول کیا ہے اور وہ ان دنوں عالمی میلاد کانفرنس میں شرکت کیلئے پاکستان کے دورے پر ہیں ۔