اسلام آباد(این این آئی)مسلم لیگ (ن) کے رہنما کیپٹن(ر) محمد صفدر نے کہا ہے کہ فیض آباد انٹر چینج پر دھرنا نہیں بلکہ عاشقوں کی محفل تھی ،دھرنا وہ ہوتا ہے جہاں لوگ گا بجا رہے ہوں ،جہاں درود سلام پڑھا جا رہا ہو ،اسے محفل میلاد کہتے ہیں ۔ گزشتہ روز دھرنے کو میلادکا نام دینے پر صحافی نے سوال کیا کہ کیا یہ محفل ’’عسکری فرشتوں‘‘ نے سجائی تھی ؟ جس پرکیپٹن صفدر نے کہا کہ
میں تو اللہ کے فرشتوں پر ایمان رکھتا ہوں ان فرشتوں کو نہیں مانتا جن کا آپ ذکر کررہے ہیں ۔ایک اور صحافی نے سوال کیا کہ محفل میں نذرانہ بھی بانٹا گیا ؟جس پر انہوں نے جواب دیا کہ محفل کے آخر میں نذرانہ بھی ہوتا ہے ۔اس موقع پر ایک صحافی نے سوال کیا کہ میلاد میں جنرل صاحب کے دستخطوں کی ضرورت کیا پڑی ؟جس پر ان کا کہنا تھا کہ یہ آپ مجھ سے نہیں بلکہ ان سے پوچھیں۔انہوں نے کہا کہ یہاں جنرل مشرف ،جنرل یحیی ،جنرل ایوب کے دستخطوں کی ضرورت پڑی ،ایک میجر جنرل کے دستخط کو آپ نے نہیں دیکھا ؟ایل او ایف ہوا ،کیا کچھ ہوا ،کوئی جرنیلوں کی بات نہ کرے ۔