لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ پاکستان ہم سب کاسانجھا ملک ہے اور ملک کی خاطر ہمیں یکجان دوقالب ہو کر کام کرنا ہے۔یہ وقت اتفاق و اتحاد کا ہے اور موجودہ حالات میں قومی یکجہتی اوربھائی چارے کی اہمیت پہلے سے کہیں زیادہ بڑھ گئی ہے ۔ وزیر اعلی محمد شہباز شریف نے کہا کہ اتحاد و اتفا ق میں جو برکت ہے اسی کے باعث قوم ترقی اور خوشحالی کا سفر طے کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ یہ وقت ایک ہونے کا ہے،ہم سب نے مل کرپاکستان کو آگے لے کر جانا ہے۔باہمی اختلافات کو پس پشت ڈالتے ہوئے اتحاد اور اتفاق کا پیغام دینا ہے اور ملک اور قوم کے تابناک مستقبل کیلئے ذاتی مفادات کو بالائے طاق رکھتے ہوئے سب کو مل کر چلنا ہے قومی مفادات کو مقدم رکھناہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ ہم سب کو پاکستان کیلئے سوچنا ہے اور پاکستان کیلئے ہی جینا مرنا ہے کیونکہ پاکستان ہے تو ہم سب ہیں اور اسی سے ہماری پہچان ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی ترقی کے لئے اتحاد و اتفاق ناگزیر ہے ،کیونکہ ان سنہری اصولوں کو اپنائے بغیر کوئی بھی ملک یا قوم ترقی نہیں کرسکتی اور آج قوم کو اسی جذبے اور اتفاق و اتحاد کی ضرورت ہے جس کا مظاہرہ حصول پاکستان کی تحریک کے دوران کیا گیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ہمارے بزرگوں کی انتھک جدوجہد اور بیش بہا قربانیوں کے بعد حاصل کیا گیا ہے اوراس ملک کی ترقی وخوشحالی کے لئے سب کو مل کر کام کرنا ہے۔وزیر اعلی نے کہاکہ وقت کا تقاضا ہے کہ اتفاق و اتحاد اور یگانگت کے جذبات کو فروغ دیا جائے اور ملک میں اتفاق واتحاد کے فروغ کے لئے تمام طبقات کو اپنا مثبت اورموثر کردار ادا کرنا ہوگا۔