کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک)تحریک لبیک کے جاری دھرنے کے خلاف جب گزشتہ روز اسلام آباد انتظامیہ کی طرف سے دی گئی ڈیڈ لائن کاخاتمہ ہوا تو آپریشن شروع کر دیا گیا، اس آپریشن کے نتیجے میں پورے ملک میں احتجاجی مظاہروں کا سلسلہ بھی شروع ہو گیا اور شہروں کی طرح شہر قائد میں بھی مختلف علاقوں سے مظاہرین سڑکوں پر نکلے اور ریلیوں کی صورت میں سڑکوں پر گشت کرتے ہوئے نعرے بازی کرنے لگے۔ شاہراہ فیصل پر نکلنے والا احتجاجی مظاہرہ جب دو رینجرز اہلکاروں کے پاس پہنچا تو رینجرز اہلکار کو دیکھ کر مظاہرین وہاں رک گئے، اس
موقع پر احتجاج میں شریک ایک شخص نے انہیں دیکھ کر کچھ کہتے ہوئے اپنے سینے پر ہاتھ مارے اور اس کے ساتھ ہی ایک زوردار نعرہ بلند ہوا ’’نعرہ تکبیر، اللہ اکبر‘‘۔ نعرہ بلند ہوتے ہی گفتگو کرنے والے شخص کی ٹانگوں پر رینجرز اہلکار نے ڈنڈا مارا تو تمام مظاہرین کی دوڑیں لگ گئیں اور دیکھتے ہی دیکھتے سڑک ایسے سنسان ہو گئی جیسے یہاں کوئی آیا ہی نہ ہو۔ یہ ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہے اور اسے دیکھنے والے اپنی رائے کا اظہار کر رہے ہیں، کچھ لوگ مظاہرین کے حق میں نظر آتے ہیں تو کوئی ان رینجرز اہلکاروں کی حمایت کرتے نظر آتے ہیں۔