اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) وزیرمملکت مذہبی ، اقلیتی اموروبین المذاہب ہم آہنگی پیرامین الحسنات شاہ نے کہاہے کہ تحریک لبیک کی ضد کی وجہ سے مذاکرات میں کامیابی نہیں ملی ٗ مظاہرین سر کاری ٗ نجی املاک کو نقصان پہنچانے سے گریز کریں ۔ نجی ٹی وی سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ معاملہ کو پرامن انداز میں حل کرنے کیلئے حکومت نے تحریک لبیک یارسول اللہ پارٹی سے مذاکرات کیلئے تمام جتن کئے تاہم مظاہرین کی ضد کی وجہ سے ہمیں کامیابی نہیں ملی۔انہوں نے کہاکہ حکومت نے 20روز تک ضبط وتحمل کے ساتھ مظاہرین سے محاذآرائی سے گریزکیا اورمعاملہ کو پرامن
اندازمیں حل کرنے کیلئے پرخلوص کوششیں کیں لیکن بدقسمتی سے ایک مذہبی جماعت کے مظاہرین نے مثبت جواب نہیں دیا۔وزیرمملکت نے کہاکہ راولپنڈی اوراسلام آباد کے لاکھوں شہریوں کو مظاہرین کی جانب سے شاہراہیں بندکرنے سے شدید مشکلات کا سامناتھا، اس ضمن میں عدالتوں نے بھی دھرنا ختم کرنے کے احکامات جاری کئے تھے، حکومت نے مظاہرین کو کئی تجاویز دیں جن میں کسی کو قبول نہیں کیا گیا حتیٰ کہ مظاہرین نے عدالتی احکامات کو ماننے سے بھی انکارکیا۔انہوں نے مظاہرین سے درخواست کی کہ وہ سرکاری اورنجی املاک کو نقصان پہچانے سے گریزکریں۔