اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان نے لڑاکا اور دیگر تربیتی جہاز تو بنائے ہی ہیں مگر اب بہت جلد پاکستان کمرشل جہاز بھی بنائے گا، تفصیلات کے مطابق خلیج ٹائمز کو انٹرویو دیتے ہوئے لڑاکا اور تربیتی جہاز بنانے والے سرکاری آفیسر احمد شہزاد نے کہا کہ پاکستان بہت جلد کمرشل جہاز بنا لے گا اور بہت جلد اس منصوبے پر کام شروع کر دیا جائے گا، انہوں نے بتایا کہ یہ مسافر جہاز 10 سے 30 سیٹوں پر مشتمل ہوں گے اور یہ جہاز کامرہ میں تیار کیے جائیں گے، انہوں نے کہا کہ ملکی ضروریات کے علاوہ
انہیں بین الاقوامی مارکیٹ میں بھی فروخت کیا جائے گا۔ احمد شہزاد نے کہا کہ کمرشل جہاز بنانا پاکستان کی طرف سے ایک غیر معمولی منصوبہ ہو گا کیونکہ اس سے پہلے پاکستان نے مسافر طیارے کبھی بھی تیار نہیں کیے۔ وائس آف امریکہ سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستان کے سابق ائیر مارشل شاہد لطیف نے کہا کہ جے ایف تھنڈر کی طرح پاکستان کمرشل جہاز بنانے کی صلاحیت بھی رکھتا ہے اس کی وجہ یہ ہے کہ لڑاکا طیارے کے مقابلے میں کمرشل جہاز بنانا نسبتاً آسان ہے اور ہم اس منصوبے میں نا کام نہیں ہوں گے۔