اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)محکمہ تعلیم سکولز پنجاب کا سینکڑوں اے ای اوز کو بھرتی کرنے کا فیصلہ۔ سمری وزیراعلیٰ کو ارسال کر دی گئی۔ تفصیلات کے مطابق محکمہ تعلیم سکولز پنجاب نے تعلیمی اصلاحات اور طے شدہ اہداف کے حصول کیلئے ہنگامی بنیادوں پر صوبہ بھر میں سینکڑوں اے ای اوز بھرتی کا فیصلہ کیا ہے ۔ یہ اے ای اوز گریڈ 16پر بھرتی کئے جائیں گے جبکہ ہر سبجیکٹ سپیشلسٹ ٹیچر کو 3سال کیلئے بطور اسسٹنٹ ایجوکیشن آفیسر فرائض سر انجام دینا لازمی ہو گا۔ واضح رہے کہ اس سے قبل پنجاب
کے تمام اضلاع میں اے ای اوز کام کر رہے ہیںجو کہ تمام ’ان سروس‘ اساتذہ ہیں ، محکمہ تعلیم گریڈ 16کے اساتذہ کو اے ای اوز لگاتا ہے جبکہ اب محکمہ سکول ایجوکیشن نے مشروط طورپر3سال کیلئے بطور اے ای اوز بھرتی کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔اس سلسلے میں سپیشل سیکرٹری سکول ایجوکیشن رانا حسن اختر نے بتایا ہے کہ 800سے زائداے ای اوزبھرتی کرنے کی سمری وزیر اعلیٰ پنجاب کو ارسال کردی گئی ہے،وزیر اعلی کی منظوری کے بعد سمری پنجاب پبلک سروس کمشن کوبھیج دی جائیگی۔