اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) بھارت نے انتہائی خطرناک ہتھیار تیار کرلیا، دفاعی صنعت میں ناقابل یقین ترقی۔ تفصیلات کے مطابق بھارتی سائنسدانوں نے ایک اور انتہائی خطرناک ہتھیار کا تجربہ کر لیا ہے۔ روسی خبر رساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق بھارتی دفاعی سائنسدانوں نے برقی مقناطیسی ریل گنز کا کامیاب تجربہ کیا ہے جس سے اس کی فوج کی حملہ کرنے کی صلاحیت مبالغہ آرائی کی حد تک بڑھ جائیں گی اور وہ زمین اور سمندر دونوں جگہوں میں موجود ٹارگٹ پر انتہائی تباہ کن حملے کر سکے گا۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ریل گنز میزائل وغیرہ کو 6میک کی رفتار سے داغنے کی صلاحیت رکھتی ہیں جو آواز کی رفتار سے 6گنا زیادہ ہے۔ اس رفتارپر میزائل ایک گھنٹے میں 7ہزار400کلومیٹر سفر کر سکتا ہے۔ ریل گنز کی ٹیکنالوجی جدید ترین حربی ٹیکنالوجی ہے جس میں میزائلوں کو داغنے کے لیے دھماکہ خیز مواد کی بجائے حرکیاتی (kinetic)اور لیزر توانائی استعمال ہوتی ہے۔ فی الحال بھارتی سائنسدانوں نے 12مربع ملی میٹر بور کی ریل گنز کا تجربہ کیا ہے اور اب وہ 30ملی میٹر بور کا تجربہ کرنے کی تیاری کر رہے ہیں۔