بیجنگ(اے این ا ین) چین نے سی پیک پر بھارت کے تحفظات ایک بار پھر مسترد کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری رابطے کا ایک منصوبہ ہے اور اس کا کسی علاقائی تنازع سے کوئی لینا دینا نہیں۔ چینی وزارت خارجہ کی ترجمان ہوا چن ژنگ نے میڈیا بریفنگ کے دوران کہاکہ ایک پٹی ایک شاہراہ منصوبے اور سی پیک سے کئی ملک مستفید ہونگے، ہم بارہا کہہ چکے ہیں کہ سی پیک اقتصادی تعاون کا منصوبہ ہے اس کا
کسی علاقائی تنازع سے کوئی تعلق ہے نہ ہی اس کا مقصد کسی تیسرے فریق کو نشانہ بنانا ہے۔ انہوں نے کہاکہ ہم امید کرتے ہیں کہ علاقائی ممالک عملی تعاون کیلئے مل کر کام کرینگے تاکہ زیادہ سے زیادہ لوگ فائدہ اٹھاسکیں۔ انہوں نے کہاکہ چینی صدر کے ایک پٹی ایک شاہراہ کے منصوبے کو عالمی سطح پر پذیرائی حاصل ہوئی ہے اور اس میں شامل ہونے والے ملکوں کی تعداد بڑھ رہی ہے۔