ریاض ( آن لائن )سعودی اٹارنی جنرل شیخ سعود بن عبداللہ نے واضح کردیا ہے کہ کرپشن کیسز میں گرفتار افراد سے کوئی خصوصی برتاؤ نہیں کیا جائے گا، تمام لوگ ملزمان ہیں۔سعودی عرب میں اینٹی کرپشن کمیٹی نے 11شہزادوں، کئی وزراء اور درجنوں اہم شخصیات کو کرپشن کے الزام میں گزشتہ روز گرفتار کیا تھا۔ سعودی اٹارنی جنرل نے مزید کہا کہ گرفتار تمام ملزمان سے عام شہری جیسا برتاؤ کریں گے، کسی سے بھی
اس کے عہدے کی وجہ سے الگ رویہ نہیں برتا جائیگا، عہدہ انصاف کی راہ میں رکاوٹ نہیں بنے گا۔سعودی اٹارنی جنرل کا کہنا تھا کہ اینٹی کرپشن کمیٹی دہشت گردی کو ختم کرنے کے لیے متعدد کیسیز پر کام شروع کرچکی ہے۔دوسری طرف سعودی وزارت اطلاعات نے کہا ہے کہ کرپشن الزامات میں گرفتار افراد کے اثاثے منجمد کیے جائیں گے اور کرپشن سے تعلق رکھنے والی کوئی بھی جائیداد ریاست کے نام ہو جائے گی ۔