اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)عمروں میں فرق کے ازدواجی زندگی پر کیااثرات مرتب ہوتے ہیں، سائنسدانوں کی 13سالہ تحقیق نے میاں بیوی کے رشتے کیلئے خطرے کی گھنٹی بجا دی۔ آسٹریلوی ماہرین کی ایک طویل تحقیق میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ عمر کا فرق جتنا زیادہ ہوتا ہے شادی شدہ جوڑوں کی زندگی میں ازدواجی اطمینان اتنا ہی کم ہوتا ہےجبکہ میاں بیوی کی عمروں میں فرق جتنا کم ہوتا ہے ان کے درمیان ذہنی مطابقت اتنی ہی زیادہ ہوتی ہے۔ وہ زندگی کے اہم امور، خصوصاً بچوں، گھریلو اخراجات اور دیگر اہم
معاملات کے بارے میں زیادہ بہتر اور ہم آہنگی پر مبنی فیصلے کرتے ہیں۔ اگر کوئی مشکل آن پڑے یا کوئی اہم سماجی یا معاشی فیصلہ کرنا ہو تو بھی ان کے درمیان اختلاف یا غلط فہمی کی گنجائش کم ہوتی ہے۔دوسری جانب انفرادی خوشی کے حوالے سے تحقیق میں بتایا گیا ہے کہ وہ مرد زیادہ خوش پائے گئے جن کی شادی خود سے کافی کم عمر خاتون کے ساتھ ہوئی۔ اس کے برعکس وہ خواتین جن کی شادی خود سے خاصے کم عمر مرد سے ہوئی اپنی ازدواجی زندگی میں سب سے زیادہ غیر مطمئن پائی گئیں۔